سٹیٹ بینک

اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد برقرار، روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے تحت 12.74 ارب ڈالر موصول ہوئے،سٹیٹ بینک

کراچی(کامرس ڈیسک )بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد برقرار ہے، جہاں روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے تحت اپریل 2026 تک مجموعی طور پر 12 ارب 74 کروڑ 70 لاکھ ڈالر موصول ہوئے ہیں۔سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ سکیم مسلسل سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاﺅ نٹس سے 2 ارب 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بیرون ملک واپس منتقل کئے گئے، جبکہ 8 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مقامی سطح پر مختلف شعبوں میں استعمال ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ میں خالص قابلِ واپسی واجبات کی مالیت 2 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی۔نومبر 2020 سے اپریل 2026 تک روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ کے ذریعے مجموعی خالص سرمایہ کاری ایک ارب 83 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

سرمایہ کاری کے شعبے میں اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سب سے زیادہ مقبول رہے، جن میں 1 ارب 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، جبکہ کنونشنل نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سامنے آئی۔اس کے علاوہ روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ کے ذریعے بھی 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔معاشی ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ پروگرام نے نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کو محفوظ اور آسان سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں