نیویارک، جدہ،دوحہ (انٹرنیشنل نیوز )اقوام متحدہ ،سعودی عرب اور قطر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بجلی کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ایندھن اور انسانی امداد سمیت کچھ بھی داخل نہیں ہونے دے رہا۔اس کے علاوہ نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل روکنا عالمی قوانین کے خلاف قرار دیا۔دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ ختم نہ کیا تو بحیرہ احمر میں حملے دوربارہ شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے امداد کے بعد غزہ کی بجلی بھی منقطع کر دی تھی اور حماس نے اسرائیلی اقدام کو ناقابل قبول بلیک میلنگ قرار دیا تھا۔دوسری جانب سعودی عرب اور قطر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کی بجلی منقطع کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینی عوام پر اجتماعی سزا کا نفاذ قابل مذمت ہے اور اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ غزہ کی بجلی کاٹنے کا اقدام بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کرے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب قطر نے بھی کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فلسطینی عوام کے لیے ضروری تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے چاہییں۔