آسٹریلیا میں سائنسدانوں نے ٹریپ ڈور مکڑیوں کی نئی اقسام دریافت کی ہیں۔ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے کیمبرلی ریجن میں پہلی بار مکڑیوں کے ایک گروپ کا مشاہدہ کیا۔
ڈاکٹر جرمی ولسن کی قیادت میں اس ٹیم نے بلش بلٹز نامی مہم کے دوران یہ دریافت کی، جسے آسٹریلین حکومت کی حمایت حاصل تھی۔ ڈاکٹر ولسن کے مطابق، یہ مکڑیاں اپنے مخصوص قسم کے بل کی وجہ سے دریافت کی گئیں، جو عام طور پر یہاں کی مکڑیاں بناتی ہیں لیکن ان بلوں کے ساتھ کالر نما حلقہ بھی موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوال بار بار ذہن میں آ رہا تھا کہ یہ مکڑیاں ایسا بل کیوں بناتی ہیں؟ کیا اس کا تعلق ان کے شکار کے منفرد طریقے سے ہے یا یہ اپنے آپ کو کسی اور کا شکار بننے سے بچانے کے لیے ایسا کرتی ہیں؟ ان مکڑیوں کے بل اس طرح بنے ہوتے ہیں کہ وہ سیلاب آنے کی صورت میں بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔