'نجم مزاری

آرگینک زراعت کے لیے بھی خصوصی فنانسنگ سکیم متعارف کرائی جائے’نجم مزاری

لاہور(نیوز ڈیسک)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے آرگینک زراعت کی ترقی کے لئے جامع پالیسی اور خصوصی فنانسنگ سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے پنجاب میں محفوظ خوراک کی پیداوار، کسانوں کی آمدنی، روزگار اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے۔

اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صوبے کی معاشی ترقی کے لیے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب زرعی لحاظ سے پاکستان کا سب سے اہم صوبہ ہے، جہاں آرگینک کاشتکاری کے فروغ سے محفوظ خوراک کی پیداوار، ماحول دوست زراعت، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور برآمدات میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آرگینک کسانوں کے لیے بلاسود قرضوں، جدید زرعی مشینری، بین الاقوامی معیار کی سرٹیفکیشن، پراسیسنگ، پیکجنگ، برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ عالمی منڈی میں موثر انداز سے مقابلہ کر سکیں۔نجم مزاری نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آرگینک ایگریکلچر پروسیسنگ زونز قائم کیے جائیں جہاں ویلیو ایڈیشن، کولڈ اسٹوریج، ٹیسٹنگ لیبارٹریز، پیکجنگ اور ایکسپورٹ کی جدید سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ آرگینک مصنوعات کی ملکی و بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت، ای کامرس پلیٹ فارمز تک رسائی اور برآمدی مواقع بڑھانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آرگینک زرعی شعبے کو بھی حکومتی سرپرستی، مالی معاونت اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے تو پنجاب نہ صرف معیاری اور صحت بخش زرعی مصنوعات کی پیداوار میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے بلکہ زرِمبادلہ، روزگار اور دیہی معیشت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف آرگینک زراعت اور آرگینک مصنوعات کے فروغ سے متعلق ان تجاویز کو سنجیدگی سے زیرغور لاتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عملی پیش رفت کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں