ریاض(انٹرنیشنل نیوز)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو یوکرینی بحران کو سیاسی طور پر حل کرنے کی کوششوں کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا یقین دلایا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ فیصل اور لاوروف نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں وزرا نے یوکرین کے بحران سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ مملکت تمام فریقین کے درمیان تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔مزید برآں دونوں وزرا نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔