اسلام آباد(سپورٹس نیوز )جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ جولائی میں پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں وہ پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی اور پانچواں و آخری میچ 24 جولائی کو منعقد ہوگا۔پی سی بی کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئندہ اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔