جنیوا،واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان جمعہ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر شہر برجن سٹاک میں طے شدہ مذاکرات منسوخ ہوگئے ۔ سوئٹزرلینڈ اور وائٹ ہاﺅس نے تصدیق کر دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین جمعہ کو طے شدہ پروگرام کے مطابق برجنسٹاک میں امریکا ایران مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ دوسری طرف ترجمان وائٹ ہاﺅ س نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔وائٹ ہاﺅ س کے بیان میں مزید کہا گیا مذاکرات کی انتظامی اور عملی پیچیدگیاں کبھی بھی آسان یا قابلِ پیشگوئی نہیں رہی ہیں، موجودہ صورتحال کے مطابق نائب صدر روانہ نہیں ہو رہے۔
ترجمان وائٹ ہاﺅ س نے مزید بتایا کہ جیسے ہی مذاکرات کے اگلے مرحلے یا آئندہ اقدامات کے بارے میں کوئی واضح پیشرفت ہوگی، اس سے آگاہ کر دیا جائے گا۔نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے منصوبے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے تاہم امریکی وفد دستیاب ہونے والے پہلے موقع پر ہی روانگی کیلئے تیار ہے۔ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے دورے کے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔