لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں بارھویں جماعت میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے کے لیے رٹ دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہری محمد حسنین نے ایڈووکیٹ شہباز اکمل جندران اور ندیم سرور کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ بارھویں جماعت میں گڈ بائے مسٹر چپس کی جگہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کیا جائے۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے بارھویں جماعت کی انگریزی میں ناول گڈ بائے مسٹر چپس کی جگہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے بی او جی نے فیصلے کو رد کر دیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ دنیا کے کسی بشر کوحضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے برتر نہیں گردانا جا سکتا۔ بی او جی، پی سی ٹی بی نے محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں مسٹر چپس کے ناول کو ترجیح دیکر مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے۔درخواست گزار کے مطابق بی او جی کا فیصلہ خلاف آئین ہے۔دستور پاکستان ہر شہری کو اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔
درخواست گزار محمد حسنین نے استدعا کی کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں معلم بنا کر بھیجے گئے یہ حدیث ہے۔بارھویں جماعت میں محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے سے دنیا ہمارے نبی کے متعلق بہتر جان سکے گی۔بارھویں جماعت میں محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے سے طلبا اپنے نبی کے متعلق بہتر جان سکے گیں۔پی سی ٹی بی کو بارھویں جماعت کے نصاب میں گڈ بائے مسٹر چپس کی جگہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا باب شامل کرنے کا حکم دیا جائے