لاہور(کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے وطن واپسی پر سیاست میں تلخی لانے کی بجائے مفاہمت اور ملک کو درپیش چیلنجز سے مل کر نبرد آزما ہونے کا ایجنڈا پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات اسی طرح کی فہم و فراست اور تدبر کے متقاضی ہیں ، لاکھوں کی تعداد میں عوام کا نواز شریف کے استقبا ل کیلئے گھروں سے باہر آنا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ ملک کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی سے عوام میں دوبارہ امید کی کرن جاگی ہے اور یقینی طو رپر ملک میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے وطن واپسی پر لاکھوں کے مجمع کے سامنے سیاسی طور پر تلخ رویہ نہ اپنا کر اپنے مدبر سیاستدان ہونے کے تاثر کو مزید مضبوط اور گہرا کیا ہے اور موجودہ مشکل حالات میں ملک کو ایسے ہی رویے کی ضرورت ہے ۔
ا نہوںنے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے اس لئے شفاف انتخابات کے نتیجے میں جسے بھی حکومت ملے اسے اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور ملک کو معاشی طور پر آگے لے جانا کے لئے بلا جواز احتجاج اور دھرنوں کی روایت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔