لاہور(ہیلتھ ڈیسک)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے اکیڈمک ریسرچ یونٹ کے زیر اہتمام پہلی میڈیکل رائٹنگ ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں پوسٹ گریجویٹ، ٹرینی ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ پاکستان جرنل آف میڈیکل سائنسز کے چیف ایڈیٹر مسٹر شوکت علی جاوید نے شرکاء کو میڈیکل کے شعبے سے متعلق تحقیقی مکالہ جات پر آگاہی دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس ورکشاپ میں عالمی اصولوں کے مطابق میڈیکل ریسرچ پیپرز لکھنے کے لئے نئی تکنیک سے آگاہ کیا جائے گا جس سے ڈاکٹرز کو اپنے تحقیقی کام کو احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر آصف بشیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میڈیکل کے شعبے میں جدید تحقیق ڈاکٹرز کے شاندار مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے، زندگی کے ہر شعبے کی طرح علاج معالجے کی دنیا میں آئے دن نت نئے رحجانات سامنے آتے ہیں اور ہرڈاکٹرکے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ دنیا میں ہونے والی ترقی سے خود کو” اپ ڈیٹ” رکھے۔
پروفیسر آصف بشیر نے مزید کہا کہ بالخصوص دماغی امراض کے حوالے سے دنیا میں ہونے والا تحقیقی کام ہم سب کے لئے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ انسانی جسم میں اللہ تعالیٰ نے نروس سسٹم کو انتہائی منفرد بنایا ہے جسے "ان آرڈر” رکھنے کے لئے ڈاکٹر زکو ہر قدم اٹھانا ہوتا ہے وگرنہ مریض جیتے جی زندہ درگور ہو جاتا ہے لہذا اس میڈیکل رائٹنگ، ورکشاپ کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔انہوں نے اکیڈمک ریسرچ یونٹ کی کارکردگی کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپس کاانعقاد کرکے ڈاکٹرز کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے رہیں گے۔
٭٭