لاہور(کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے بجلی کے بلوں کے خلاف کامیاب شٹر ڈائون ہڑتال پر ملک بھر کی تاجر برادری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے پر امن احتجاج کو زیر غور نہ لایا گیا تو تاجراگلے مرحلے کیلئے بھی تیار ہیں،ملک بھر کے تاجروں نے اتحاد سے اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا ہے ، آئندہ کے حوالے سے جلد متفقہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔
اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ مہنگائی اور ہیجان کی کیفیت کی وجہ سے ہر طرح کے کاروبار میں شدید مندی کا رجحان ہے ،بنیادی ٹیرف میں اضافے اور کئی طرح کے ٹیکسز کے نفاذ سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے ، چھوٹے تاجر کاروبار چلانے کیلئے اپنے اثاثے فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔
مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں اور پیٹرولیم کی قیمتوںمیں کمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کیا جائے ہم حکومت کو اس حوالے سے قابل عمل تجاویز دینے کیلئے تیار ہیں۔