ایل این جی

پاکستان کو قطر سے ایل این جی کی تیسری کھیپ مل گئی

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کو قطر سے ایل این جی کی تیسری کھیپ مل گئی‘ قطر سے آنے والا ایل این جی ٹینکر فویرت حساس آبنائے ہرمز عبور کرکے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوگیا۔

ایل این جی ٹینکر فویرت جلد اینگرو ایل این جی ٹرمینل پر لنگر انداز ہونے کی توقع ہے۔پاکستان کے پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک اور ایل این جی جہاز بھی آئندہ چند روز میں پہنچنے والا ہے، جو پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم لمیٹڈ (پی جی پی ایل) ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگا۔فویرت کی آمد دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں قطر سے آنے والی مسلسل تیسری ایل این جی کھیپ ہے۔اس سے قبل 15 مئی کو مِہزم نامی ایل این جی بردار جہاز، جو تقریبا ایک لاکھ ساٹھ ہزار مکعب میٹر مائع قدرتی گیس لے کر آیا تھا، پورٹ قاسم کے پی جی پی ایل ٹرمینل 12 پر لنگر انداز ہوا تھا۔ اس سے دو روز پہلے 13 مئی کو الخرائطیات نامی کیو فلیکس ایل این جی جہاز اینگرو ٹرمینل پر پہنچا تھا۔

توانائی شعبے کے حکام کے مطابق یہ مسلسل آمدیں اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان اس وقت قطر کے ساتھ طویل المدتی ایل این جی معاہدوں پر انحصار کررہا ہے، جب عالمی اسپاٹ مارکیٹ میں قیمتیں جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، شپنگ خطرات اور آبنائے ہرمز کے گرد کشیدگی کے باعث سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کی وجہ سے تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں