کراچی( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہاہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سرفراز احمد کو نائب کپتان نامزد کرنا چاہیے تھا۔
سابق کپتان راشد لطیف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو محمد رضوان کی جگہ ٹیسٹ نائب کپتان مقرر کیا جانا چاہیے تھا وہ تجربے اور کارکردگی میں ان سے کہیں زیادہ موزوں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان اچھی فارم میں نہیں ہیں اور سرفراز احمد نے جس انداز میں قومی ٹیم میں واپسی کی ہے وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، سابق کپتان کی کارکردگی کے باعث انہیں پلئینگ الیون کا حصہ بننا چاہیے۔
راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز کی نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے رضوان کو نائب کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ جائز نہیں، میرے خیال میں بابراعظم کو تمام فارمیٹس میں کپتان ہونا چاہیے تاہم کسی کو بلاوجہ سپورٹ نہیں کرنا چاہیے، اگر کوئی اور ٹیسٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق ہے تو وہ شخص سرفراز ہے اور کوئی نہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد رضوان کی جگہ اپنی صلاحیتوں کو منوایا تھا اور 83.75 کی شاندار اوسط سے 335 رنز بنائے،
وہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ابھرے تھے۔قبل ازیں رضوان نے خود انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران اپنی خراب فارم کا اعتراف کیا تھا، جہاں وہ بلے سے مشکلات کا شکار تھے۔ رضوان نے تین میچوں کی سیریز میں چھ اننگز میں 23.50 کی اوسط سے 141 رنز بنائے اور ایک بھی ففٹی اسکور کرنے میں ناکام رہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف جولائی میں ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں بابراعظم کو کپتان جبکہ محمد رضوان کو نائب کپتان بنایا گیا تھا۔