مکوآنہ (نمائندہ خصوصی)رہنما مسلم لیگ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا مفاد جلد از جلد انتخابات میں ہے۔پنجاب میں پی ٹی آئی بالکل ختم ہو چکی ہے اس لیے ہمیں تو فوری الیکشن چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ معاشی معاملات اور انتخابات کرانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے،نگران وزیراعظم 15 دن کیلئے ہو یا 3 ماہ کیلئے فٹ ہونا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے شفاف الیکشن ممکن بنانا ہے،نگران وزیراعظم کو معیشت کو بھی دیکھنا ہے۔
طلال چوہدری نے قائد مسلم لیگ ن کی وطن واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ہر وقت واپس آنے کیلئے تیار ہے تاہم ان کی واپسی کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔نواز شریف لندن میں ہوں یا لاہور میں،سیاست ان کے گرد گھومتی ہے،آنے والے الیکشن میں نواز شریف لیڈ کریں گے۔
پاکستان کی 40 سال کی سیاست نواز شریف اور اینٹی نواز شریف ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی بحران سے نکلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے،ن لیگ نے قمیت ادا کی۔شہباز شریف نے پارٹی مفاد کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دی۔
قبل ازیں طلال چوہدری نے نواز شریف کا ساتھ دینے پر مجھے سزا دی گئی،ججز نے نواز شریف سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا۔میرے پانچ سال نہیں لوٹ سکتے،بھٹو زندہ نہیں ہو سکتا۔ہمارے گریبان پر ہاتھ ڈالنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو چن چن کر سزائیں دی گئیں،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار گلی اور محلے میں اکیلے نہیں نکل سکتے۔ انکا کہنا تھا کہ جو میرے ساتھ رویہ رکھا گیا وہ میں بھول نہیں سکتا،مجھ سے نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی۔