وزیراعظم شہبازشریف

نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح اورشکایت کے ازالے کا موثرانتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی ترسیلی کمپنیز کی نجکاری کا جائزہ اجلاس ہوا،جس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو کاجائزہ لیاگیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں روڈ شوزکے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمپنیز کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لئے موثرحکمت عملی اختیار کی جائے،نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔سرمایہ کاروں کی شمولیت کےلئے اندرون و بیرون ملک کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں،ڈسکوز کی نجکاری کے مراحل طے شدہ قواعد کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں،اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے مراحل میں پیشہ ورانہ استعداد کے امل کنسلٹنٹ کی تجاویز،قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

علاوہ از یں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، معاشی اصلاحات اور مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنی دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جائیکا کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے اجتماعی کوششوں سے مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے معدنیات کے شعبے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار(ایس ایم ایز) کے فروغ کے لئے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا ) میں اصلاحات کی گئی ہیں اور اس شعبے میں جائیکا کا تعاون برآمدات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو سے تعزیت کا اظہار کیا، جس پر جائیکا کے صدر نے اظہارِ تشکر کیا۔ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

جائیکا کے صدر نے مشرقِ وسطی میں قیامِ امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر سمیت متعلقہ اعلی حکام بھی شریک تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں