عمان(نیوز ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دیگر وزرائے خارجہ اور اعلی شخصیات کے ہمراہ ہاشمی مملکتِ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ملاقات کی ہے ۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں القدس سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پرہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک تمناﺅں اور خیرسگالی کے پیغامات شاہ عبداللہ دوم تک پہنچائے۔اس موقع پر اردن کے فرمانروا نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کےلئے نیک خواہشات اور دعاﺅں کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے بیت المقدس میں مسلم اور مسیحی مقدس مقامات کی اردن کی مستقل سرپرستی اور خطے میں امن و استحکام کےلئے ہاشمی مملکت کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔اس ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، مشرقِ وسطی کی تازہ پیشرفت اور دیگر علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔