لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)لاہور بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے پوزیشن حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔اونکار سنگھ نے میٹرک امتحان میں 1189 نمبر حاصل کرتے ہوئے سائنس گروپ بوائز میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اونکارسنگھ کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں میڈیکل کے شعبے میں داخل ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں تاکہ انسانیت کی خدمت کر سکیں۔اونکار سنگھ نے کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاحات کے ذریعے مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، جبکہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اور وہ اپنی اس کامیابی کو محنت، والدین کی دعاوں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔