لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ وسابق صدر آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ملکی صورتحال کی وجہ سے مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی حالیہ محاذ آرائی کو ختم ہونا چاہیے، سیاسی محاذ آرائی پر نواز شریف سے بھی بات کروں گا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ ہماری طرف سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں کی جارہی، ہم آئین کے مطابق اور زمینی حقائق سامنے رکھ کر بات کرتے ہیں۔