واشنگٹن(کامرس ڈیسک )عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کمی کا شکار ہو گئیں، جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی کی بڑھتی ہوئی امیدیں بتائی جا رہی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.94 ڈالر 2.04 فیصد کمی کے بعد 93.09 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 2.50 ڈالر 2.69 فیصد کمی کے بعد 90.54 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو یہ توقع بڑھ رہی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار نہیں کرے گا، جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں دبا ﺅکم ہوا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ کشیدگی میں کمی کے اشارے مل رہے ہیں، لیکن عالمی منڈی اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے کیونکہ مشرق وسطی میں کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل خطے میں تنازعات اور آبنائے ہرمز میں محدود ٹریفک کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم حالیہ دنوں میں مارکیٹ میں توازن کی طرف رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود عالمی توانائی منڈی میں اتار چڑھاﺅ جاری رہنے کا امکان ہے، کیونکہ صورتحال مکمل طور پر مستحکم نہیں ہوئی۔