عالمی منڈی

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

واشنگٹن(کامرس ڈیسک)ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات اور ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث ہفتہ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.15 ڈالر بڑھ کر 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں میں ہفتہ وار بنیاد پر بالترتیب 6 فیصد اور 5.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔آئل مارکیٹ کے ماہر اینڈریو لیپوو نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ٹینکرز پر نئے حملوں اور جنگ بندی کے معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے بعد ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بدستور محدود رہی تو صورتحال ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں