اسلام آباد(کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت نے ملک میںپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت بھی 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 6 روپے57 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر لیوی 72 روپے97 پیسے سے بڑھاکر 79روپے 54 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول پرلیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 66 روپے 25 پیسے سے بڑھاکر 66روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے ۔
دوسری جانب حکومت نے کمرشل طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لٹر کمی کر دی۔حکومت نے ایئرلائنزکوریلیف دیتے ہوئے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونےوالے جیٹ فیول کی قیمت میں 7، روپے 15 پیسے فی لٹرکمی کردی ہے،کمی کے بعدجیٹ فیول کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لٹر مقررہوگئی ہے،قیمتوں میں کمی سے ایئرلائنز کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں بچت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات کم ہوں گے، جس کے مثبت اثرات فضائی شعبے پرمرتب ہونے کی توقع ہے۔ ادھر مٹی کا تیل 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا۔اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 227روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 233روپے 90 پیسے فی لیٹر تھی۔