کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت نے کراچی سمیت پورے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 30 ہزار ارب روپے کے بجٹ کے باوجود سندھ کے عوام آج بھی تعلیم، علاج اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں بدانتظامی، کرپشن اور اقربا پروری نے نظام کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو بنیادی تعلیمی سہولیات اور کتابیں دستیاب نہیں، جس کے باعث لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ اسی طرح سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن میں کرپشن اور اقربا پروری نے نوجوانوں کے مستقبل کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور سرکاری نوکریاں میرٹ کے بجائے سفارش اور سیاسی بنیادوں پر دی جا رہی ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے کسان بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جہاں گندم، کپاس اور گنے کی مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ شوگر ملوں کی بندش نے کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور تھرپارکر تک پورا سندھ مسائل کا شکار ہے اور عوام روزگار کے لیے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے سماجی کارکنوں اور شہریوں کو دبایا جا رہا ہے، جو آمرانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔حلیم عادل شیخ نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن، ناانصافی اور بدانتظامی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں کیونکہ اب خاموشی کا وقت ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور عوام کو اپنے حقوق کے لیے منظم جدوجہد کرنا ہوگی۔
٭٭٭٭٭