جاوید شیخ

جاوید شیخ نے شاہ رخ خان کیساتھ ایک روپے معاوضے پر کام کرنے کی وجہ بتا دی

لاہور (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے 2007 کی سپر ہٹ بالی ووڈ فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ صرف ایک روپے معاوضے پر کام کرنے کی پیشکش قبول کی تھی۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی مہمان نوازی، انکساری اور فراخ دلی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔جاوید شیخ نے بتایا کہ شاہ رخ خان کی عاجزی اور خوش اخلاقی نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا اور فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے رویے نے مجھے ہمیشہ کے لیے متاثر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی ہدایت کار فرح خان نے ذاتی طور پر مجھے شاہ رخ خان کے والد کے کردار کی پیشکش کی تھی، مگر جب بعدازاں پروڈکشن ٹیم نے معاہدے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے فلم کے لیے معاوضہ لینے سے انکار کر دیا۔جاوید شیخ کے مطابق میں نے پروڈکشن ٹیم سے کہا کہ بالی ووڈ کی اتنی بڑی فلم میں اہم کردار کے لیے منتخب ہونا ہی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نوعیت کی فلم میں پاکستان کی نمائندگی کرنا مالی معاوضے سے کہیں زیادہ اہم تھا۔

اداکار نے مزید بتایا کہ جب پروڈکشن منیجر نے اصرار کیا کہ ایک پیشہ ور فنکار بغیر معاوضے کے کام نہیں کر سکتا، تو میں نے کہا کہ میں صرف 1 روپیہ بطور معاوضہ قبول کروں گا، میرے اس غیر متوقع جواب پر فرح خان اور شاہ رخ خان بھی حیران رہ گئے۔جاوید شیخ کے مطابق فلم سازوں نے میرے جذبے اور خلوص کو سراہا، تاہم مجھے محض علامتی معاوضے پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی، اس کے بجائے مجھے ایسا معاوضہ دیا گیا جو میری توقعات سے بھی زیادہ تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں