ممبئی (شوبز ڈیسک)فلم دھرندھر سے شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ عائشہ خان کو تعلیمی اصلاحات کے حق میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی کوشش کے دوران پولیس نے حراست میں لے لیا، جبکہ اس کارروائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عائشہ خان ممبئی میں طلبا کی جانب سے تعلیمی اصلاحات اور کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچی تھیں، جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار اداکارہ کو زبردستی پولیس وین میں بٹھا رہے ہیں۔ عائشہ خان نے اپنی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے دعوی کیا کہ انہوں نے نہ کوئی نعرہ لگایا تھا اور نہ ہی کوئی تقریر کی تھی، اس کے باوجود انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
عائشہ خان نے مزید بتایا کہ پولیس اسٹیشن پہنچنے کے بعد وہاں موجود افسران نے ان کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کیا، تاہم احتجاجی مقام پر تعینات اہلکاروں کے طرزِ عمل پر انہوں نے شدید اعتراض کیا۔ ان کے مطابق حراست میں لینے کے دوران انہیں اور ان کی دوستوں کو دھکے بھی دیے گئے، جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔