لاہور( کامرس ڈیسک )پاکستان انٹر نیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے ایل سیز کھولنے اور کسٹم چیپٹر 84/85 کے مسائل حل کرنے کے حکومتی فیصلے کو خوش آئند اور معیشت کی بہتری کی طرف پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے تین ریٹ چل رہے ہیں جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رانا طارق محمود ، سابقہ چیئرمین محمد جمیل احمد،اظہار الحق قمر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فرحان سلیم،سیف اللہ خان،محمد ارشد،اسد اللہ خان،چودھری اکرم جاوید،محمد الیاس،توقیر ملک،اصغر ملک اورطاہر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مثبت سوچ کے اشارے ملے ہیںجس سے یقینا معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ایل سیز روکنے اور کسٹم کے چیپٹر 84/85 کی وجہ سے کاروباری طبقے کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ، اگر حکومت ایل سیز کھولنے کے فیصلے میں مزید تاخیر کرتی تو لاکھوں گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے ہو جانے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مارکیٹ میں ڈالر کی ایک قیمت پر دستیابی کو یقینی بنائے ، جہاں ڈالر کی غیر قانونی اسمگلنگ ہو رہی ہے اسے روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت کسی فیصلے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے گی جس سے عملدرآمد میں آسانیاں ہوں گی ۔