اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے الیکشن کمیشن کی سہولت کیلئے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی 11 اگست کو تحلیل ہوسکی ہے، جس سے کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کیلئے مزید 3 ماہ مل جائیں گے۔
ایک انٹرویومیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی 11 اگست کو رات گئے خود بخود تحلیل ہوجائے گی، ہم نے 13 اگست 2018 کو حلف لیا تھا اور اگر ہم تحلیل نہیں کرتے ہیں تو پھر یہ خود بخود 12 اگست کو تحلیل ہو جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے خبریں مل رہی ہیں اور تبادلہ خیال ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے 3 ماہ کا وقت چاہتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اگر ہم سمجھیں کہ انتخابات 3 ماہ میں ہوں گے تو پھر ہم ایک روز قبل 11 اگست کو اسمبلی تحلیل کردیں گے، میں گورنر کو اس کی تجویز دوں گا اور وہ اسی دن منظوری دیں گے۔انہوںنے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے دو ماہ چاہئیں تو پھر اسمبلی شیڈول کے مطابق تحلیل ہوگی۔سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ دوسری صورت میں صوبائی اسمبلی 11 اگست کو تحلیل ہوگی تاکہ الیکشن کمیشن کو سہولت دی جائے کہ اس سے 3 ماہ کا وقت مل جائے۔