لاہور( کامرس ڈیسک)پنجاب میں احساس پروگرام کی نگران سینیٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور میں مستحق خاندانوں کو رعایتی نرخوں پر دالیں، گھی ، تیل اور آٹے کی فراہمی کے لئے احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کیا تھا لیکن حکومت ختم ہوگئی،
وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے یہی پروگرام پنجاب احساس راشن رعایت کے نام سے شروع کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے ذریعے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو 40 فیصد سستی اشیا ء صرف فراہم کی جارہی ہیں۔ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ اسٹورز سے 40 فیصد کم نرخ پر دالیں، گھی، خوردنی تیل اور آٹا خرید سکتے ہیں اور اس کے ساتھ رجسٹرڈ کریانہ اسٹورز کے مالکان کو 10 فیصد کمیشن بھی دیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ احساس راشن رعایت مفت راشن کی فراہمی یا نقد رقم کی منتقلی کا پروگرام نہیں ہے۔پنجاب احساس راشن رعایت کے تحت اہل گھرانوں کو جو 4 ہزار روپے فی گھرانہ دو ماہ کی سبسڈی جاری ہو رہی ہے وہ صرف آٹا، دالیں، گھی یا پکانے کے تیل کی خریداری پر رعایت کی صورت میں ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔