اسلام آباد(کامرس ڈیسک )عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف ) نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری کےلئے پاکستان کی آئی ایم ایف سے ابتدائی ورچوئل مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ حکومتِ پاکستان پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری نہ کرے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مالی بوجھ سے بچنے کے لئے توانائی اور ایندھن کی قیمتوں میں بر وقت ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے، توانائی اور بجلی کے نرخوں سے متعلق ریگولیٹر اداروں کی تجاویز پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں کم سے کم رکھی جائیں۔بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع کرنے، سیلز ٹیکس استثنی میں کمی اور اخراجات مزید کم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں کم از کم 1 فی صد اضافہ کیا جائے اور قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی حالات میں بہتری اور معاشی اصلاحات سے آئندہ مالی سال کی درمیانی مدت میں شرحِ نمو کا ہدف 5.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔