اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے کی اشد ضرورت ہے، ہمیں اندرونی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے،سیاست کی خاطر ریاست پر حملہ آور ہونے کا ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی کو مکمل بریفنگ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ حالات پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عسکری قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی کو ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش خطرات سے مثر انداز میں نمٹا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور گزشتہ 20 سال سے پاکستان دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان 93 ہزار سے زائد شہادتیں دے چکا ہے۔طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، مگر بدقسمتی سے آج ایک بار پھر دہشتگردی سراٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش عناصر دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، جو ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی، اور ہمیں اندرونی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص جماعت ملک توڑنے کے لیے ہر طرح کی کوششیں کر رہی ہے اور سیاست کی خاطر ریاست پر حملہ آور ہونے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کے معاملات پر سنجیدہ ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے بیانیے کو مسترد کریں اور قومی استحکام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔









