پشاور(نیوز رپورٹر)مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی ترجیحات صرف اپنے آقاﺅں کو خوش کرنا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کا صوبے کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، وہ ایک خط وفاق کو بھی صوبے کے حقوق پر بھی لکھیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر خط میں این ایف سی ایوارڈ میں پورا حصہ دینے کی درخواست کریں، خط میں صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی اور سوتیلی ماں جیسے سلوک کے خاتمے کی استدعا کریں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ گورنر بے چارے کا ویسے بھی کوئی کام نہیں، صرف خط ہی لکھ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ گورنر ہاﺅس کا کردار آج کل ڈاک خانے جیسا ہے، جہاں ایک مسترد شدہ ڈاکیا بیٹھا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور کی طرح گورنر صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کچھ کریں۔