گوادر

گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی منصوبہ ،جی ڈی اے کا 280 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس کا اعلان

گوادر(کامرس ڈیسک)گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان (2025ء تا 2035ء ) کے درمیانی مدتی مرحلے کے تحت گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے تقریباً 280 ارب روپے مالیت کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا مرحلہ وار اعلان کردیا ہے جن کا مقصد گوادر کو ایک عالمی معیار کے جدید، اسمارٹ، ماحول دوست اور معاشی طور پر متحرک پورٹ سٹی میں تبدیل کرنا ہے۔گوادرپرو کے مطابق یہ اعلان ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، معین الرحمٰن خان کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران گوادر کے آئندہ 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس پروگرام میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، اسپیشل اکنامک زونز، جی ڈی اے ہاؤسنگ اسکیم، ماحولیاتی راہداریاں، اور ماسٹر پلان کے تحت مائیکرو پلاننگ کے نفاذ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمرشل مراکز، عوامی مقامات، عجائب گھر، ثقافتی ورثہ مراکز، ساحلی سیاحتی ریزورٹس، غیر ملکی سیاحوں کے لیے ریزورٹس، گریب بیچ پارک اور جی ڈی اے کلب بھی ترقیاتی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق 10 سالہ پروگرام میں اندرونی و بیرونی سڑکوں کی تعمیر و توسیع، نامکمل جی ڈی اے سڑکوں کی تکمیل، اور ماسٹر پلان کے مطابق نئی شاہراہوں کی تعمیر بھی شامل ہوگی، جدید شہری انفراسٹرکچر، ماحولیاتی تحفظ، سماجی و معاشی ترقی، اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکر ٹاؤن پلاننگ عبدالرزاق نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق جی ڈی اے امبریلا پی سیـون کے تحت ایک جامع 10 سالہ ترقیاتی پروگرام تیار کر رہا ہے، اس پروگرام کو پہلے صوبائی حکومت اور بعد ازاں منظوری اور فنڈنگ کے لیے وفاقی حکومت کے سامنے پیش کیا جائیگا جبکہ امید ہے کہ اسے مالی سال27ـ 2026کے بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے وضاحت کی کہ اس پروگرام کے تحت جی ڈی اے کے موجودہ بزنس پلان اور جاری ترقیاتی اسکیموں کو ایک مربوط فریم ورک میں شامل کیا جائیگا جس کا بنیادی مقصد گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ماسٹر پلان اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس میں جدید شہری انفراسٹرکچر، صنعتی ترقی، سماجی و معاشی بہتری، ماحولیاتی تحفظ، سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور گوادر میں جدید بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں سینیٹر محمد اسحاق کرکٹ گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن، شہر بھر میں زیر زمین بجلی کی کیبلنگ، جی ڈی اے شاہراہوں کی سولرائزیشن کے تحت جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، گرین بیلٹس کے قیام، اور خوبصورتی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت شمبے اسماعیل وارڈ، سربندر اور پیشوکن میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، یادگاروں کی تعمیر، اور جدید بلدیاتی خدمات کی فراہمی کی اسکیمیں بھی پروگرام میں شامل ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق دریں اثنا، ماسٹر پلان کے علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے تقریباً 200 کلومیٹر نئی واٹر پائپ لائنز بچھانے اور ڈی سیلینیشن پلانٹس کے قیام کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں