گلگت بلتستان کے علاقے ہُڈور گاؤں کے قریب پاک فوج کا ایک تربیتی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو افسران سمیت پانچ جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث تھکداس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوگیا۔ حادثہ صبح دس بجے کے قریب پیش آیا۔
شہداء میں میجر عاطف (پائلٹ ان کمانڈ)، میجر فیصل (کو پائلٹ)، نائب صوبیدار مقبول (فلائٹ انجینئر)، حوالدار جہانگیر (کریو چیف) اور نائیک عامر (کریو چیف) شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں آپریشنل تیاری کے لیے ناگزیر ہیں، جو دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی مشنز میں بھی استعمال ہوتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور ملک کے دفاع میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔









