اسلام آباد (کامرس ڈیسک )مشیر وزیرخزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال نجی شعبے کو 11.38 کھرب روپے قرض دیا گیا جو گزشتہ 4 سال کی بلند ترین سطح ہے۔اپنے بیان میں خرم شہزاد نے بتایا کہ مالی سال 26-2025 میں نجی شعبے کو دئیے قرض میں تقریبا 15 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں مالی معاونت سےکاروبار اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے، 89 فیصد نئےقرضے مینوفیکچرنگ، تھوک و پرچون تجارت اور زراعت جیسے شعبوں کودئیے گئے۔خرم شہزاد نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو 657 ارب روپے کے نئے قرضے ملے، یہ صنعتی سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت میں توسیع کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور زراعت میں مالی معاونت سے پیداوار،کاروباری سرگرمیوں اور نجی سرمایہ کاری میں بہتری آئی، نجی شعبے میں بڑھتا قرضہ کاروباری اعتماد اور معاشی استحکام کی جانب مثبت پیشرفت کا مظہر ہے۔