ماسکو:
روسی ایوانِ صدر کریملن نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف روس پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ اہم سفارتی ملاقاتیں کریں گے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ماسکو میں میڈیا بریفنگ کے دوران وِٹکوف کی آمد کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے کوئی ملاقات طے ہے یا نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اگر ایسی ملاقات ہوتی ہے تو عوام کو مطلع کیا جائے گا۔
اس دورے سے متعلق امریکی میڈیا نے پہلے ہی خبر دی تھی کہ پوٹن اور وٹکوف کی تیسری بالمشافہ ملاقات متوقع ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ "فلائٹ ریڈار 24” کے مطابق وٹکوف کا طیارہ سینٹ پیٹرزبرگ میں لینڈ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب استنبول میں روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے دوسرے مرحلے کی بات چیت حال ہی میں ختم ہوئی ہے۔