اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کا امکان ہے، اور ان بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث نالوں کے بھر جانے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور شہری زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے ملک کے دیگر علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری اور گلیات میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع جیسے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، چترال، ڈی آئی خان، بنوں اور مردان میں بھی شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا امکان ہے، جبکہ دریائے کابل اور سوات میں پانی کی سطح بڑھنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے کئی علاقوں بشمول لاہور اور راولپنڈی میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔








