کراچی کے علاقے گلشن معمار میں ایک 17 سالہ لڑکی آرام بی بی کو مبینہ طور پر اس کے شوہر اور والد نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ واقعہ افغان بستی افغان چوک کے قریب پیش آیا، جہاں سے خاتون کی لاش تشدد کے نشانات کے ساتھ برآمد ہوئی۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ لڑکی کے اہلِ خانہ بغیر کسی اطلاع کے اس کی تدفین کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران والد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ شوہر محمد افغانی اور دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ ورثاء نے خفیہ طور پر قبر بھی تیار کروائی تھی، جسے پولیس نے ناکام بنایا اور لاش اپنی تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔
ایس ایچ او انسپکٹر غفار کورائی کے مطابق مقتولہ کے جسم پر واضح تشدد کے نشانات موجود تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کی کم عمری میں شادی کروائی گئی تھی اور وہ ایک بچی کی ماں تھی۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ لگتا ہے۔ لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جائے گی۔