کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیگاری میں خاتون اور مرد کے سرعام قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم سردار شیر باز ستکزئی کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
عدالت میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش مکمل کرنے اور دیگر ملزمان سے تعلقات جانچنے کے لیے مزید ریمانڈ درکار ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کرتے ہوئے ریمانڈ منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ سے تین روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں ایک نوجوان لڑکی اور لڑکے کو سرِعام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی ردِعمل شدت اختیار کر گیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
اب تک متعدد افراد گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ مرکزی ملزم سردار شیر باز ستکزئی کی تفتیش جاری ہے۔