لاہور: پاکستان کے نامور سینئر اداکار اور کامیڈی کے لیجنڈ انور علی 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے پھیپھڑوں اور گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور گذشتہ رات طبیعت مزید بگڑنے پر رائیونڈ روڈ کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج رہے جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
انور علی اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے ایسے فنکار تھے جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری اور طنز و مزاح کے منفرد انداز سے نہ صرف لاکھوں مداحوں کو محظوظ کیا بلکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کو بھی ایک الگ پہچان دی۔ انہیں پاکستان کے کامیڈی آرٹ کا درخشندہ ستارہ سمجھا جاتا ہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ کے شیڈول کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ ان کے انتقال پر مداحوں سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی بڑی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔









