ممبئی (سپورٹس نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی جیت کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو انعام مل گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کو ٹیسٹ کی کپتانی میں توسیع مل گئی جس کے بعد وہ انگلینڈکے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کی جیت کے بعد سلیکٹرز نے روہت شرما پر نئے سرے سے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ جیت کے ساتھ مینجمنٹ اور میچ کی صورت کو جانچنے کی صلاحیت شاندار رہی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جون سے اگست تک ہونے والے دورہ انگلینڈ کے لیے روہت شرما کو اعتماد کا ووٹ مل گیا ہے، یہی نہیں روہت کو یقین دہانی بھی کرا دی گئی ہے کہ وہ انگلینڈ میں کپتان ہوں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے تمام اسٹیک ہولڈرز سمجھتے ہیں کہ ٹیسٹ میں اب بھی روہت شرما کپتانی کے لیے بہترین چوائس ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما کی قیادت میں ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے بعد آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے کے بعد قیادت منتقل کرنے سے متعلق خبریں گردش کرنے لگی تھیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بارڈر- گواسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست اور ہوم گراﺅنڈ پر نیوزی لینڈ سے کلین سوئپ شکست کے باوجود دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کی قیادت روہت شرما کے ہی سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کیخلاف شدید تنقید کے باعث روہت شرما نے سڈنی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا تھا، اس میچ میں جسپریت بمراہ نے کپتانی کے فرائض نبھائے تھے تاہم وہ بھی انجری کا شکار ہوکر میگا ایونٹ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ دوسری جانب بھارت کو چیمپئینز ٹرافی 2025 کا فاتح بنوانے والے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جس کی تردید کرتا ہوں، فی الحال اپنے کھیل اور ٹیم کے ساتھ لطف اندوز ہورہا ہوں لیکن مستقبل کیلئے اپنے آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔