اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں چیئر مین پی ٹی آئی نے کہاہے کہ آپ اس بات کی کیا ضمانت دیتے ہیں کہ ملک میں انتخابات وقت پر ہوں گے۔
آئی ایم ایف چیف ناتھن پورٹر نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ اس بات کی کیا ضمانت دیتے ہیں کہ ملک میں انتخابات وقت پر ہوں گے۔آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ آئی ایم ایف ملک میں ہونے والی صورتِ حال پر گہری نظر رکھتا ہے، ہم ایک حد سے زیادہ سیاسی معاملات میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ کے ڈائریکٹرز اپنی میٹنگ میں اپنا نقطہ نظر رکھیں گے، ایگزیکٹو بورڈ کاپاکستان کی سیاسی معاملات سے متعلق موقف کیا ہو گا، پیش گوئی نہیں کر سکتے، ایگزیکٹو بورڈ ممبران اپنی رائے دینے میں آزاد ہیں۔
آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف رپورٹ میں ان کا موقف شامل کر دیا جائے گا، آئی ایم ایف کا پروگرام اس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جس میں توقع ہے کہ اقتدار کی منتقلی وقت پر ہو گی۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ امید ہے کہ اس ڈیزائن کے تحت نگراں سیٹ اپ آئین کے مطابق اپنی مدت کے دوران وقت پر انتخابات کرا دے گا۔
٭٭٭٭٭









