ریاض(کامرس ڈیسک )سعودی عرب کی تیل کمپنی سعودی آرامکو نے تقریبا چار ماہ کے وقفے کے بعد خلیج فارس میں واقع رس تنورہ ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کر دی ہے۔ اس بات کی تصدیق شپنگ ڈیٹا سے ہوئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی برآمدات کی بحالی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تائیوان کی کمپنی ایورگرین کے ایک جہاز پر جمعرات کو آبنائے ہرمز میں حملہ ہوا تھا۔مشرقِ وسطی میں تیل اور گیس پیدا کرنے والے ممالک نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاہدے سے قبل اپنی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کر دیا تھا۔
جنگ سے پہلے دنیا میں تیل اور مائع قدرتی گیس کی 20 فیصد درآمدات آبنائے ہرمز سے گزرتی تھی۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سعودی شپنگ کمپنی کے دو بڑے ٹینکر دنیا کی سب سے بڑی آئل پورٹ رس تنورہ پر تیل لوڈ کر رہے تھے، جبکہ ایک اور ٹینکر ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا۔
ایک چوتھا ٹینکر قریبی علاقے میں انتظار کر رہا تھا۔ان میں سے ہر ایک ٹینکر تقریبا بیس لاکھ بیرل تیل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آرامکو نے روئٹرز کو اس بارے میں کوئی بھی تبصرہ دینے سے انکار کر دیا۔دوسری جانب برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (یو کے ایم ٹی او) نے ایک کارگو جہاز پر حملے کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظت فراہم کرنے کے آپریشنز معطل کر دئیے ہیں، جس سے ایران جنگ کے خاتمے کے ابتدائی معاہدے کے قابلِ عمل ہونے پر خدشات دوبارہ بڑھ گئے ہیں۔