لاہور(نیوز ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کاروباری لاگت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے جس سے تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے،عوام کی قوت خرید میں کمی کے باعث کاروبار کا پہیہ متاثر ہو رہا ہے اور تاجروں کے منافع میں نمایاں کمی آئی ہے ۔
اپنے بیان میں شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جس سے معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیداواری لاگت میں کمی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں، توانائی کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے،پیٹرولیم قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے نئے فارمولے کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی اور تذبذب کی صورتحال ہے جس پر نظر ثانی کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اس لیے ان کے مسائل کا حل معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔