لاہور کی پُرہجوم گلیوں میں انسانیت ایک بار پھر شرمندہ ہوگئی، جب صرف چند ہزار روپے اور ایک موبائل فون کی خاطر ایک خواجہ سرا کو انتہائی بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، زمان احمد عرف "پلوشا”، جو کہ بہاولنگر کا رہائشی تھا، روزگار کی تلاش میں لاہور کے فیصل ٹاؤن سی بلاک میں کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ اس لرزہ خیز واردات میں ملوث دونوں سفاک ملزمان — طارق اور امتیاز — کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے ملتان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم طارق مقتول کو ذاتی طور پر جانتا تھا اور اس کے فلیٹ پر اکثر آتا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان نے باہمی منصوبہ بندی کے بعد پلوشا کو قتل کر کے اس کی نقدی اور موبائل فون چھیننے کا منصوبہ بنایا۔ یہ منصوبہ ایک ہفتہ قبل تیار کیا گیا تھا۔
18 مئی کی رات، طارق اور امتیاز پلان کے مطابق فلیٹ پر پہنچے۔ طارق نے پہلے پلوشا کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی، پھر امتیاز نے موقع پا کر اس کی گردن پر چھری پھیر دی، جس سے پلوشا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واردات کے بعد دونوں قاتل ملتان فرار ہوگئے اور راستے میں آلہ قتل کو ایک نامعلوم مقام پر پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم طارق پہلے بھی تین سنگین مقدمات میں ملوث رہ چکا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کو جلد مکمل کر کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔