اسلام آباد(ہیلتھ ڈیسک)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہے ، حکومت پولیو کے خلاف جنگ میں عالمی شراکت داروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیٹس فانڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے پولیو مائیکل گالوے کی ملاقات کے دوران کیا ۔مائیکل گالوے نے مصطفی کمال کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی قائدانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے ۔وزیر صحت نے مائیکل گیلوے کو دفتر آمد پر شکریہ ادا کیا ۔ملاقات میں پولیو کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بل گیٹس اور ان کی ٹیم کے مثر کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جلد سے جلد پاکستان کو پولیو فری بنانے کا تہیہ کر رکھاہے ، ۔وزیراعظم مسلسل جائزہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے میری پہلی ملاقات بھی پولیو کے معاملے پر ہی ہوئی تھی۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام نے حساس اور زیادہ خطرے والے علاقوں کی نشاندہی کر لی ہے۔معیاری ویکسینیشن مہمات کے زریعے پولیو والے علاقوں میں تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔آنے والی پولیو مہمات میں پولیو کی صورتحال میں واضح بہتری نظر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔کراچی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کی جاری کوششوں کو خو د مانیٹر کر رہا ہوں ۔









