لاہور(نیوز رپورٹر)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کا قیام عمل میں نہ آنے کی وجہ سے دیہی علاقوں میں عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہور ہے
پنجاب اسمبلی فی الفور قانون سازی کرے اور بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات اور فنڈ ز اراکین اسمبلی اور بیورو کریسی کی بجائے عوام کے حقیقی نمائندوں تک منتقل ہونے چاہئیں ، میرا جینا مرنا حلقہ این اے 97کی عوام کے ساتھ ہے ، عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقے کے طویل دورہ کے موقع پر عمائدین اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے عزیز وا قارب سے بھی ملاقاتیں کر کے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ہمایوں اختر خان نے حلقے کیلئے نئے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج کسان مشکلات سے دوچار ہیں، ہم نے کسانوں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کے لئے جامع منشور پیش کیا ، حکومت کسان کو نقصان سے بچانے کے لئے وئیر ہائوسز کی تعمیر کرے تاکہ کسان اپنی اجناس فروخت نہ ہونے پر انہیں وئیر ہائوسز میں رکھوا کر اس کے عوض قرض حاصل کر سکے اور اگلی فصل کاشت کر سکے۔اسی طرح فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں جہاں سے کسان کو معیاری زرعی مداخل مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں۔