مکوآنہ ( این این آئی )فیصل آباد سابق وزیرمملکت برائے داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری نے کہا ہے پاکستان کی سیاست محمد نواز شریف کے گرد گھومتی ہے،آئندہ الیکشن میں کارکردگی کا مقابلہ ہوگا اورفیصلہ ہوجائے گا کہ کون عوام میں مقبول ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکر کنونشن سے خطاب کے بعد این این آئی سے خصوصی گفتگو میں ۔
کیا انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن نہیں بلکہ ایک عظیم الشان جلسہ تھا جس کی کامیابی کا سہرا ملک نواز برادران کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم اور پاکستان کے مقبول ترین لیڈر محمد نواز شریف کی بھی سالگرہ ہے جس پر تمام کارکنان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ سال الیکشن کا سال ہے جس میں یہ فیصلہ ہوجائے گا کہ کون کتنا عوام میں مقبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی حکومت نے ملک کو 16گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی،ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا،معیشت کو مستحکم کیا اور ملک کو ترقی کی رہ پر گامزن کیا جبکہ پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومت نے ملک کو دوبارہ لوڈشیڈنگ،معیشت کوتباہ کر کے ملک کا بیڑا غرق کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملنے کے بعد پاکستان کیلئے مشکل فیصلے کیے اگر حکومت چھوڑ کر چلے جاتے تو پاکستان میں بھی سری لنکا جیسی صورت حال پیدا ہوجاتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست صرف نواز شریف کے گرد ہی گھومتی ہے آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کریں گے۔