ڈھاکا میں پاکستان کی بنگلہ دیش سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں غیرمتوقع شکست نے ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے، جس پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سخت مگر تعمیری پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے بیان میں مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اگر عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانی ہے تو اسے فوری طور پر مستقل مزاجی، ٹیم کمبی نیشن اور جدید کرکٹ انداز کو اپنانا ہوگا۔ اُن کے مطابق ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے، جو کہ پاکستان جیسے کرکٹ دیوانہ ملک کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ نئے کھلاڑیوں نے سیریز میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا، اور کوچنگ اسٹاف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ٹیم کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی بہتری میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے فیلڈنگ میں بہتری کو سراہا اور کہا کہ اب ٹیم کا معیار بین الاقوامی سطح کا لگنے لگا ہے۔
میرپور جیسے کم اسکور والے وینیو پر کھیلنا پاکستان ٹیم کے لیے ایک سبق آموز تجربہ رہا، جہاں مشکل وکٹ پر بیٹنگ اور اسٹرائیک روٹیشن میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔









