اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے ٹیرف پر مذاکرات کے لیے اعلی سطح کا وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وفد کو امریکا کی جانب سے لگائے گئے نئے ٹیرف پر بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مفید لائحہ عمل وضع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں امریکا کے نئے ٹیرف، اسٹئیرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر بریفنگ دی گئی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، اور حکومت ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔