ویب ڈیسک 8 اپریل، 2025
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھا کر قرضوں کے بوجھ سے آزاد ہو سکتا ہے، کیونکہ ان ذخائر کی مالیت کھربوں ڈالرز میں ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں وسیع معدنی ذخائر موجود ہیں، جبکہ سندھ اور پنجاب کی زمین بھی قدرتی وسائل سے بھرپور ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی معدنیات کے خزانے دفون ہیں۔
وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے میں پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان میں کان کنی کے منصوبوں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو سماجی و معاشی ترقی کی راہیں ہموار کریں گے۔ معدنیات میں سرمایہ کاری سب کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔