پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی20 سیریز کے لیے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے نئے مجوزہ شیڈول پر بھی اعتراضات اٹھا دیے ہیں، جس سے سیریز کے انعقاد پر دوبارہ سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بی سی بی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ میچز کی تاریخوں میں معمولی رد و بدل کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور بھرپور پریکٹس کا موقع مل سکے۔
یاد رہے کہ ابتدائی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے تین میچز 27، 29 مئی اور یکم جون کو منعقد کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم نئے شیڈول کے مطابق اب یہ مقابلے 28، 30 مئی اور یکم جون کو لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم کے چند کھلاڑی بھارتی میڈیا پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر پہلے ہی پاکستان نہ آنے کا عندیہ دے چکے تھے، تاہم پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی میں بنگلادیشی بورڈ کے عہدیداروں سے ملاقات کر کے انہیں اس دورے پر آمادہ کیا۔
نئے شیڈول میں دو میچز کم کیے گئے ہیں اور فیصل آباد اب میزبانی سے باہر ہو چکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آج دوپہر تک اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے کہ سیریز پرانے شیڈول کے مطابق ہو گی یا نئی تاریخوں پر۔